يَوْمَ لَا يَنفَعُ مَالٌ وَلَا بَنُونَ
the day when neither wealth nor children will avail,
Agha Ali Puya Commentary
Commentary on Quran 26:88
[Pooya/Ali Commentary 26:88] (see commentary for verse 69)
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 26:88-104
سوره شعراء / آیه 88 - 104
۸۸۔ یَوْمَ لاَیَنْفَعُ مَالٌ وَلاَبَنُونَ۔ ۸۹۔ إِلاَّ مَنْ اٴَتَی اللهَ بِقَلْبٍ سَلِیمٍ ۔ ۹۰۔ وَاٴُزْلِفَتْ الْجَنَّةُ لِلْمُتَّقِینَ۔ ۹۱۔ وَبُرِّزَتِ الْجَحِیمُ لِلْغَاوِینَ۔ ۹۲۔ وَقِیلَ لَھُمْ اٴَیْنَ مَا کُنْتُمْ تَعْبُدُونَ۔ ۹۳۔ مِنْ دُونِ اللهِ ھَلْ یَنْصُرُونَکُمْ اٴَوْ یَنْتَصِرُونَ ۔ ۹۴۔ فَکُبْکِبُوا فِیھَا ھُمْ وَالْغَاوُونَ ۔ ۹۵۔ وَجُنُودُ إِبْلِیسَ اٴَجْمَعُونَ۔ ۹۶۔ قَالُوا وھُمْ فِیھَا یَخْتَصِمُونَ ۔ ۹۷۔ تَاللهِ إِنْ کُنَّا لَفِی ضَلاَلٍ مُبِینٍ ۔ ۹۸۔ إِذْ نُسَوِّیکُمْ بِرَبِّ الْعَالَمِینَ۔ ۹۹۔ وَمَا اٴَضَلَّنَا إِلاَّ الْمُجْرِمُونَ۔ ۱۰۰۔ فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِینَ۔ ۱۰۱۔ وَلاَصَدِیقٍ حَمِیمٍ۔ ۱۰۲۔ فَلَوْ اٴَنَّ لَنَا کَرَّةً فَنَکُونَ مِنْ الْمُؤْمِنِینَ ۔ ۱۰۳۔ إِنَّ فِی ذَلِکَ لَآیَةً وَمَا کَانَ اٴَکْثَرُھُمْ مُؤْمِنِینَ ۔ ۱۰۴۔ وَإِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیزُ الرَّحِیمُ ۔ ترجمہ ۸۸۔جس دن مال او راولاد کوئی فائدہ نہیں پہنچائیں گے۔ ۸۹۔مگر جو شخص قلب سلیم کے ساتھ اللہ کی بار گاہ میں پیش ہو ۔ ۹۰۔ (اس دن) بہشت پر ہیز گاروں کے نزدیک کر دی جائے ۔ ۹۱۔ اور جہنم، گمراہ لوگوں کے لئے ظاہر ہوجائے گی۔ ۹۲۔ اور ان سے کہا جائے گا کہاں ہیں وہ معبود کہ تم جن کی پرستش کیا کرتے تھے ۔ ۹۳۔ خدا کے علاوہ ( دوسرے ) معبود ، آیا وہ تمہاری مدد کریں گے یا کوئی ان کی مدد کو آئے گا ؟ ۹۴۔تو اس وقت تمام معبود ( گمراہ) عابدوں کے ساتھ جہنم میں جھونک دے جائیں گے ۔ ۹۵۔ اور اسی طرح ابلیس کے سارے کے سارے لشکر ۔ ۹۶۔ وہ وہاں پر جھگڑے پر کمربستہ ہو کر کہیں گے ۔ ۹۷۔خدا کی قسم ہم تو واضح گمراہی میں تھے ۔ ۹۸۔کیونکہ تمہیں عالمین کے رب کے برابر سمجھتے تھے ۔ ۹۹۔لیکن ہمیں تو سوائے مجرمیں کے کسی اور نے گمراہ نہیں کیا ۔ ۱۰۰۔ ( افسوس کہ آج(ہماری شفاعت کرنے والے موجود نہیں ۔ ۱۰۱۔او رنہ ہی کوئی گرم جوش اور محبت بھر ا دوست۔ ۱۰۲۔ اگر ہم دوبارہ دنیا کی طرف پلٹ جائیں تو مومنین میں سے ہو جائیں گے ۔ ۱۰۳۔ اس ماجرے میں (عبرت اور نشانی ہے ، لیکن ان میں سے اکثر مومن نہیں تھے ۔ ۱۰۴۔ اور تمہارا پر وردگار عزیز اور رحیم ہے ۔
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 26:88-104
معبودوں اور گمراہ عابدوں کو جھگڑا
گزشتہ گفتگو کی آخری آیت میں روزِ قیامت اور معاد کے مسئلے کی طرف ایک مختصر سا اشارہ تھا لیکن زیر نظر کئی آیات میں قیامت کے منظر کی جامع تصویر کشی کی گئی ہے اور اس بازار میں جس اہم ترین سودے کے خریدار پائے جاتے ہیں اس کا بھی ذکر موجود ہے اور مومن ، کافر، گمراہ اور شیطانی ٹولے کے افراد کا بھی ذکر ہے آیات کے ظاہر سے بھی معلوم ہوتاہے کہ یہ توصیف اور تشریح حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی دعا کا تمتمہ اور ضمیمہ ہے اور اکثر مفسرین بھی یہی کہتے ہیں لیکن بعض مفسرین کا احتمال یہ ہے کہ زیر نظر تمام آیات خدا کی گفتگو کا حصہ ہیں جو حضرت ابراہیم علیہ اسلام کی دعا کے فوراً بعد ان کی گفتگو کی وضاحت اور تکمیل کے طور پر آئی ہیں لیکن یہ احتمال ضعیف ہے ۔ صورت حال خواہ کچھ ہو قرآن سب سے پہلے کہتا ہے :قیامت کا دن وہ دن ہے ، جس میں کوئی بھی مال اور اولاد کسی قسم کا فائدہ نہیں پہنچائیں گے ( یَوْمَ لاَیَنْفَعُ مَالٌ وَلاَبَنُونَ)۔ در حقیقت جب دنیاوی زندگی کے دو اہم سرمائے ، یعنی مال اور افرادی وقت اپنے صاحب کے لئے ذرہ بھر بھی مفید ثابت نہیں ہوں گے تو صاف ظاہر ہے کہ باقی دنیاوی سرمایہ جس کا شمار ان کے بعد ہوتا ہے قطعاًکوئی فائدہ نہیں پہنچائے گا ۔ ظاہر ہے کہ یہاں مال اور اولاد سے مراد ایسا مال اور اولاد نہں ہے جس سے رضائے الہٰی کے حصول کاکام لیاجائے ، بلکہ ان کے مادی پہلو پر گفتگو کی جارہی ہے یعنی اس دن مادی سرمایہ کسی مشکل کو حل نہیں کر سکے گا ، لیکن اگر یہ چیزیں ، یعنی مال اور اولاد راہ الہٰی میں کام آجائیں تو وہ مادی سرمایہ نہیں کہلائیں گی بلکہ وہ رنگ الہٰی اور ”صبغة اللہ “ میں رنگ جائیں گی اور ”الباقیات الصالحات“ میں ان کا شمار ہو نے لگے گا۔ پھر استثناء کے عنوان سے بات کو آگے بڑھا تا ہے : مگر جو شخص قلب ِ سلیم لے کر اللہ بار گاہ میں پیش ہو (اس کا دل ہر قسم کے شرک و کفر اور گناہوں کی آلائش سے پاک صاف اور صحیح و سالم ہو)( إِلاَّ مَنْ اٴَتَی اللهَ بِقَلْبٍ سَلِیمٍ )۔ تو معلوم ہوا کہ قیامت کے دن جو سرمایہ بوٴنجات دے گا وہ قلب سلیم ہے اور بس ۔کیا ہی جامع اور عمدہ تعبیر ہے ۔ یہ ایک ایسی تعبیر ہے جس میں خالص ایمان بھی پایا جاتا ہے اورپاک نیت اور ہر قسم کا نیک عمل بھی ۔ کیونکہ اس طرح کے پاک و پاکیزہ دل کا ثمرہ بھی پاک اور پاکیزہ ہو گا ۔دوسرے لفظوں میں جس طرح انسان کا دل اور روح ا س کے اعمال میں موثر ہوتے ہیں اس کے اعمال کا بھی اس کے دل و جان پر وسیع ردّ عمل ہوتا ہے اور انھیں اپنے رنگ میں رنگ دیتے ہیں ۔ اعمال خواہ رحمانی ہوں یا شیطانی ان کا دل و جان پر ضرور اچر ہوتا ہے ۔ پھر جنت اور جہنم کی تشریح کرتے ہوئے قرآن فرماتا ہے :اس وقت بہشت پر ہیز گاروں کے نزدیک کر دی جائے گی۔( وَاٴُزْلِفَتْ الْجَنَّةُ لِلْمُتَّقِینَ)(1) ۔ اور جہنم گمراہ لوگوں کے لئے ظاہر ہو گی ( وَبُرِّزَتِ الْجَحِیمُ لِلْغَاوِینَ) ۔ در حقیقت یہ سب کچھ ان لوگوں کے جنت یا جہنم میں داخل ہونے سے پہلے ہوگا اور ان دونوں گروہوں میں سے ہر ایک اپنے اپنے ٹھانے کا منظر نزدیک سے دیکھ لے گا ۔مومن مسرور و شاد مان اور گمراہ مبہوت و وحشت زدہ ہوں جائیں گے اور یہ ان کی پاداش اور جزا و سزا کا پہلا مرحلہ ہو گا ۔ پھر دلچسپ بات یہ ہے کہ قرآن یہ نہیں کہہ رہا کہ پرہیز گاروں کو بہشت کے زندیک کردیا جائے گا بلکہ فرمایاتا ہے بہشت کوان کے قریب کر دیاجائے گا اور یہ ان متقین کی عظمت اور بلندی ٴ درجات کی طرف اشارہ ہے ۔ یہ نکتہ بھی قابل ِ گور ہے کہ ”غاوین“ (گمراہ لوگ) کی تعبیروہی ہے جو شیطان کی داستان میں آچکی ہے کہ جب شیطان بار گاہ الٰہی سے دھتکار دیا گیا اور خدا نے فرمایا: ان عبادی لیس لک علیھم سلطان الا من اتبعک من الغاوین “ تجھے میرے بندوں پر تسلط حاصل نہیں ہوگا ، مگر جولوگ گمراہ ہیں وہ تیری پیروی کریں گے ۔ (حجر/ ۴۲)۔ پھر اس گفتگو کاتذکرہ کرتا ہے جس کے ذریعے اس گمراہ گروہ کوسر زنش اور عتاب کیا جائے گا۔ فرماتاہے انھیں کہا جائے گا کہ کہاں ہیں تمہارے وہ معبود کہ جن کی تم عبادت کیا کرتے تھے ( وَقِیلَ لَھُمْ اٴَیْنَ مَا کُنْتُمْ تَعْبُدُون)۔ وہی معبود جو خدا کے علاوہ تھے ( مِنْ دُونِ اللهِ )۔ اب جبکہ ان شدید مصائب اور سختیوں میںتم گھرے ہوئے ہو تو کیا وہ تمہاری مدد کر رہے ہیں (ھَلْ یَنْصُرُونَکُمْ)۔ کسی کو تمہاری امداد کے لئے بلا رہے ہیں یا کوئی ان کی امدا کو آرہا ہے ( اٴَوْ یَنْتَصِرُونَ )(2) ۔ لیکن وہ اس سوال کا کوئی جواب نہیں دے سکیں گے اور نہ ہی کسی کو ان سے اس قسم کی توقع ہے ۔ اس موقع پر تمام معبودوں کو اکھٹا کرکے ان کے گمراہ عابدوں کے ساتھ انھیں جہنم میں ڈال د اجائے گا ( فَکُبْکِبُوا فِیھَا ھُمْ وَالْغَاوُونَ) ۔ بعض مفسرین کے بقول ان میں سے ہرایک کو دوسرے پر اوندھے منہ ڈالا جائے گا ۔ اور اسی طرح ابلیس کے لشکری تمام کے تمام ( وَجُنُودُ إِبْلِیسَ اٴَجْمَعُونَ)۔ در حقیقت یہ تینوں گروہ یعنی بت، بتوں کے پجاری اور شیطان کے لشکری جوکہ ان گناہوں کے دلال ہیں سب کے سب دوزخ میں جمع کئے جائیں گے لیکن اس طرح کہ انھیں یکے بعد دیگرے جہنم میں ڈالا جائے گا ۔ چونکہ”کبکبوا“ در اصل ”کب“ کے مادہ سے ہے جس کا معنی ٰ ہے کسی چیز کو گڑھے میں منہ کے بَل ڈالنا اور ”کب“ کو مکرر صورت (کبکب) میں لانا ان کو جہنم میں لڑھکا نے کے معنیٰ بیان کرتا ہے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ ان کو دوزخ میں ایسے ڈالا جائے گا جس طرح کسی پتھر کو ڈالا جاتا ہے کہ اسے ایک بلند مقام سے گرایا جائے تو پہلے وہ درے میں آکر گرے گاپھر ایک اور جگہ پھر وہاں سے کسی اور جگہ اسی طرح گرتے گرتے وہ گہرے کھڈے میں جاپڑے گا (3) ۔ بعید نہیں کہ اس کلمہ کو ”کبکبوبہ“ (دونوں کاف پر پیش کے ساتھ ) سے لیا گیا ہو جو عربی میں انسانوں کی جماعت یا گھوڑوں کے ٹولے کے معنی میں ہے اور کبھی اسے فارسی میں ”دبدبہ“ بھی استعمال کرتے ہیں جس کے معنی بھی لوگوں کے پاوٴں کی یا ڈھول یا باجے وغیرہ کی صدا ہے ۔ لیکن یہ بات یہیں پر ختم نہیں ہوجاتی بلکہ ان کے بعد ان جہنمیوں کی باہمی تلخ کلامی اور جھگڑے فساد کی منظر کشی کرتے ہوئے قرآن کہتا ہے :وہ جہنم میں آپس میں لڑائی جھگڑا کریں گے اورکہیں گے (قَالُوا وھُمْ فِیھَا یَخْتَصِمُونَ )۔ جی ہاں وہ گمراہ عابد کہیں گے: خدا کی قسم ہم تو کھلم کھلا گمراہی میں تھے ( تَاللهِ إِنْ کُنَّا لَفِی ضَلاَلٍ مُبِینٍ )(4) ۔ لیکن تم جھوٹے معبودوں کو رب العالمین کے برابر سمجھتے تھے ( إِذْ نُسَوِّیکُمْ بِرَبِّ الْعَالَمِینَ)(5) ۔ لیکن سوائے مجرمین کے ہمیں کسی نے بھی گمراہ نہیں کیا ( وَمَا اٴَضَلَّنَا إِلاَّ الْمُجْرِمُونَ)۔ وہی مجرمین جو ہمارے معاشرے کے سرغنے تھے جنہوں نے اپنے مفادات کی خاطر ہمیں قربانی کا بکرا بنا یا اوربد بختی کے اس مقام پر لے آئے ۔ لیکن فسوس کہ ہماری شفاعت کرنے والے موجود نہیں ( فَمَا لَنَا مِنْ شَافِعِینَ)۔ اور ہی کوئی گرم جوش اور محبت کرنے والا دوست جو ہماری مدد کرسکے ( وَلاَصَدِیقٍ حَمِیمٍ)۔ خلاصہ یہ کہ جس طرح ہم دنیا میں سمجھتے تھے کہ ہمارے معبود ہماری مدد کریں گے لیکن ایسا نہیں ہے اور وہ ہماری مدد نہیں کر رہے اور نہ ہی ہمارے دوستوں میں مدد کا یارا ہے ۔ قابل غور بات یہ بھی ہے کہ گزشتہ آیت میں ”شافعین “ جمع اور”صدیق“ مفرد کی صورت میں آیا ہے ممکن ہے کہ یہ تفاوت اس لئے ہوکہ گمراہوں کا یہ گروہ خود اپنی آنکھوں سے دیکھے گا کہ جو مومنین دنیا میں لغزشوں کا شکار تھے آج انھیں انبیاء ، اوصیاء ملائکہ اور دوسرے شفاعت کرنے والے دوستوں کی شفاعت نصیب ہو رہی ہے ، تو وہ بھی یہی آرزو کریں گے کہ اسے کاش !کہ ان کا بھی کوئی شفاعت کرنے والا اور دوست ہوتا۔ رہا ”صدّیق“ تو بعض مفسرین کی تصریح کے مطابق ”صدیق“اور عدو“ کا اطلاق مفرد پر بھی ہو تا ہے اور جمع پر بھی ۔ لیکن بہت جلد ان کو اس حقیقت کا پتہ چل جائے گا کہ اب افسوس کا کوئی فائدہ نہیں اور نہ ہی وہاں پر کوئی نیک عمل کر کے اپنی کوتاہیوں کی تلافی کی جا سکتی ہے لہٰذا وہ دنیا میں واپس آنے کی آرزو کریں گے :اگر ہم دنیا میں دوبارہ پلٹ جائیں تو مومنوں میں سے ہوں گے ( فَلَوْ اٴَنَّ لَنَا کَرَّةً فَنَکُونَ مِنْ الْمُؤْمِنِینَ )۔ یہ ٹھیک کہ وہاں پر اور اس دن ایمان لے آئیں گے ، لیکن ان کا یہ ایمان ایک طرح سے مجبوری والا ایمان ہوگا ۔ ایمان وہ موٴثر ،تعمیری اور قابل قبول ہوتا ہے جو اختیاری ہواور اسی جہان میں ہو۔ جس سے ہدایت بھی حاصل ہو اور اعمال، صالحہ بھی سر زد ہوں ۔ لیکن یہ آرزو بھی کسی صورت میں کوئی مشکل حل نہیں کرے گی طریقہٴ الٰہیہ کسی کو واپس پلٹنے کی اجازت نہیں دے گا اور وہ خود بھی اس حقیقت کو سمجھتے ہوں گے اور کملہ”لو“اسی بات کی دلیل ہے (6) ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی گمراہ قوم کے ساتھ گفتگو، بار گاہ رب العزت میں ان کی دعا روز قیامت کی کفیت بیان کرنے کے بعد خدا وند عالم نے تمام لوگوں کے لئے نتیجہ کے طور پر آخر میں وہی دو آیات ذکر کی ہیں جو موسیٰ علیہ اسلام او رفرعون کی داستان کے آخر میں ذکر کی ہیں اور اسی سورہ میں دوسرے انبیاء کی داستانوں میں بھی آئی ہیں۔ چنانچہ فرمایا گیا ہے : اس ماجرے میں خدا کی عظمت و قدرت اور گمراہ لوگوں کے دردناک انجام اور مومنین کی کامیابی میں بہت بڑی نشانی ہے لیکن ان میں سے اکثر مومن تھے ( إِنَّ فِی ذَلِکَ لَآیَةً وَمَا کَانَ اٴَکْثَرھُمْ مُؤْمِنِینَ )۔ اور تمہارا پر وردگارناقابل تسخیر اور بے حد مہر بان ہے ( وَإِنَّ رَبَّکَ لَھُوَ الْعَزِیزُ الرَّحِیمُ )۔ اس قسم کے جملوں کو بار بار اس لئے دہرا یا جاتا ہے تاکہ اس طرح سے پیغمبر اسلام اور اس زمانے کے تھوڑے سے مسلمانوں کی تسلی خاطر کے اسباب فراہم کئے جاسکیں ، نیز اس لئے بھی کہ کسی دور میں بھی مومن اقلیت گرماہ اکثریت سے وحشت نہ کرے اور خدا کی عزت و رحمت کے ذریعے اپنے آپ کو مشغول اور سرگرم رکھے ۔ نیز یہ گمراہ لوگوں کے لئے ایک قسم کی تنبیہ اور اس بات کی طرف اشارہ بھی ہے کہ اگر انھیں کچھ ڈھیل دی جارہی ہے تو اس لئے نہیں کہ خدا وند عالم کمزور ہے بلکہ اس لئے ہے کہ وہ رحیم ہے ۔ 1۔”ازلفت“ ”زلفی“ (بروزن”کبری“)قرب اور نزدیکی کے معنی ٰ میں ہے۔ 2۔ ممکن ہے ”ینتصرون“ اپنے لئے مدد طلب کرنے کی طرف یا دوسروں کے لئے مدد طلب کرنے کی طرف یا ہر دو کے لئے مد د کی درخواست کی طرف اشارہ ہو کیونکہ بعد والی آیات میں ہے کہ معبود اور عابد دونوں جہنم میں ڈالے جائیں گے ۔ 3۔ موجودہ فارسی میں ”کبکبہ“سواروں کی جماعت یاگھوڑوں اور انسانوں کے اکھٹا چلنے کی صدا کو کہا جاتا ہے اور یہ شان و شوکت اور عظمت وجلال کے لئے کنایہ ہے (فرہنگ معین )۔ 4 ۔”ان کنا“ میں ” ان “ مثقلہ سے مخففہ بن کر استعمال ہوا ہے جو در اصل ”انا کنا“تھا۔ 5۔ ہو سکتا ہے کہ یہاں پر ”اذ“ طرفیت کے معنی ٰ میں ہو او رہو سکتا ہے کہ وہ تعلیلیہ ہو ۔ 6 ۔”لو“حرف شرط ہے اور عام طور پر وہاں بولا جاتا ہے جہاں پر شرط محال ہو ۔
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 26:88-104
۱۔ ”قلب سلیم“ ہی نجات کا سر مایہ ہے
آیات بالا میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی گفتگو کے دوران قیامت کی کیفیت کے بارے میں ہم پڑھ چکے ہیں کہ سوائے ”قلب سلیم“ کے اور کچھ کام نہیں آئے گا ۔ ”سلیم“ ” سلامت “کے مادہ سے ہے جس کا مفہوم واضح ہے یعنی وہ دل ہر قسم کی بیماری اور اخلاقی و اعتقادی بے راہروی سے پاک ہو ۔ قرآن مجید منافق لوگوں کے بارے میں یہ فرماتا ہے : فی قلوبھم مرض فزادھم اللہ مرضاً ان لوگوں کے دلوں میں ایک طرح کی بیماری ہے اور ان کی ہٹ دھرمی کی بناء پر خدا وندعالم ان کی بیماری میں اضافہ کردیتا ہے ۔(بقرہ /۱۰) چند ایک احادیث میں قلب سلیم کا بخوبی تعارف کروایا گیا ہے : ۱۔ اسی آیت کے ذیل میں ہم حضرت امام صادق علیہ السلام ایک حدیث میں پڑھتے ہیں : وکل قلب فیہ شرک او شک فھو ساقط ہر وہ دل جس میں شرک اور شک ہو اور جو ساقط اور بے قدر و قیمت ہوتا ہے (1) ۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ انسان کا مادی چیزوں سے شدید تعلق ہے اور دنیا پرستی اسے ہر گناہ پر آمادہ او رہر قسم کی بے راہروی کا شکار بنادیتی ہے کیونکہ: حب الدنیا راٴس کل خطیئة دنیا سے محبت ہر برائی کا سرچشمہ ہے(2) ۔ لہٰذا ”قلب سلیم“ وہ دل ہوتا ہے جو ”حب دنیا“سے خالی ہو ، جیسا کہ اسی آیت کے ضمن میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک اور حدیث میں ہے :۔ ھوالقب الذی سلم من حب الدنیا یہ وہ قلب ہوتا ہے جو دنیا کی محبت سے محفوظ ہو (3) ۔ اگر سورہ بقرہ کی آیت ۱۹۷ کو مد نظر رکھا جائے ، جس میں خدا فرماتا ہے : وتزوّدا فان خیر الزاد التقویٰ اپنے لئے زاد راہ تیار کر لو کیونکہ بہترین زاد راہ تقویٰ ہے ۔ تو معلوم ہو گا کہ قلب ِ سلیم وہ قلب ہوتا ہے جس میں خدا کے علاوہ او رکوئی چیز نہ ہو۔ جیسا کہ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام اسی آیت کے سلسلے میں کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ارشاد فرماتے ہیں : القب السلیم یلقی ربہ و لیس فیہ احد سواہ قلب سلیم وہ دل جو خدا کی ملاقات کرے جبکہ اس میں خدا کے سوال کوئی اور نہ ہو(4) ۔ واضح سی بات ہے کہ اس جیسے مقامات پر قلب سے مراد انسان کی روح اور جان ہو تے ہیں ۔ اسلامی روایات میں قلب ، اس کی سلامتی ، اس کو لاحق ہو نے والی آفتیں اور ان آفتوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں بہت سی باتیں مذکورہ ہیں جن سے اس اسلامی منطق کی تائید ہو تی ہے کہ اسلام ہر چیز سے پہلے فکری ، عقیدتی اور اخلاقی بنیادوں کو زبر دست اہمیت دیتا ہے کیونکہ انسان کے تمام اعمال کا دارو مدار انہی چیزوں پر ہے ۔ جس طرح کہ ظاہری دل کی سلامتی اور تند رستی سے تمام جسم صحیح و سالم اور تندررست رہتا ہے اور اس کے بیمار پڑجانے سے تمام اعضاء بیمار ہوجاتے ہیں کیونکہ بدن کے تمام خلیوں کو خون کے ذریعے ملتی ہے او ر خون ، دل کو ذریعے بدن کے تمام حصوں میں پہنچتا ہے ۔ بالکل اسی طرح انسانی زندگی کے سالم اور فاسد ہونے کا دارومدار بھی اس کے عقیدے اور اخلاق کے سالم اورفاسد ہونے پر ہے ۔ اس تفصیلی گفتگو کو امام جعفر صادق علیہ السلام کی ایک حدیث کے ساتھ ختم کرتے ہیں ۔ امام علیہ السلام فرماتے ہیں : قلب چار قسم کے ہیں :۔ ایک وہ دل جس میں ایمان ہوتا ہے ور نفاق بھی ۔ ایک وہ دل جو الٹا ہورا ہے ۔ ایک وہ دل جس پر مہر لگی ہوتی ہے اورکوئی حق وہاں تک نہیں پہنچتا سکتا۔ ایک وہ دل جو نورانی اور ( غیر خدا سے ) خالی ہوتا ہے ۔ پھر فرماتے ہیں :۔ نورانی دل مومن کا ہوتا ہے جس طرح خدا فرماتا ہے ”افمن یمشی مکباً علی وجھہ اھدیٰ امن یمشی سویّاً علیٰ صراط مستقیم “ یعنی آیا جو شخص زمین پر منہ کے بل چلتا ہے وہ زیادہ ہدایت یافتہ ہے یا جو شخص سیدھے ہو کر صراط مستقیم پر گامزن ہے ؟“( المک ۲۲) اور وہ دل جس میں ایمان بھی ہے اور نفاق بھی ، تویہ ایسے لوگوں کا دل ہے جو حق اور باطل کے بارے میں بالکل لاتعلق ہوتے ہیں اور ان کے درمیان فرق نہیں کرتے۔ اگر حق کے ماحول میں پہنچ جائیں تو حق کے تابع ہو جاتے ہیں اگر باطل کے ماحول میں پھنس جائیں تو اس کے طرفدار بن جاتے ہیں ۔ رہا وہ دل کہ جس پر مہر لگی ہوتی ہے وہ منافقین کا دل ہوتا ہے(5) ۔ 1۔ مجمع البیان اسی آیت کے ذیل میں ۔ 2۔ بحارر الانوارجلد ۷۰ ص ۲۳۹۔ 3 ۔ تفسیر صافی اسی آیت کے ضمن میں ۔ 4 ۔ صافی بحوالہ کافی ۔ 5۔اسول کافی جلد ۲ صفحہ ۳۰۹ باب فی ظلمة قلب المنافق ۔
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 26:88-104
۲۔آیت”فکبکبواکا مفہوم
حضرت امام محمد باقر اور امام جعفر صادق علیہما السلام سے ”فکبکبوا فیھا ھم و الغاوون“ والی آیت کے ذیل میں بہت سی روایات منقول ہیں ۔ ھم قوم و صفوا عدلا بالسنتھم ثم خالفوہ الیٰ غیرہ یہ آیت ان لوگوں کے بارے میں نازل ہوئی ہے جو حق و انساف کی زبان سے تو بڑی تعریف کرتے ہیں لیکن عمل میں اس کی مخالفت کرتے ہیں (1) ۔ اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ عمل کے بغیرباتیں کرنا کس قدر بُری اور قابل ِ مذمت بات ہے اور اس قسم کے شخص کو جہنم کی آگ میں دردناک طریقے سے ڈالا جائے گا اور وہ وہ لوگ ہو ں گے جو خود بھی گمراہ ہیں اوردوسروں کو بھی گمراہ کرتے ہیں ان کی باتیں تو لوگوں کو حق کی طرف بلاتی ہیں لیکن اعمال باطل کی طرف دعوت دیتے ہیں ، بلکہ ان کے اعمال سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا اپنی باتوں پر ایمان نہیں ہے ۔ ضمنی طور پر اس طرف بھی توجہ رہے کہ ”غوون“کو ”غی“ کے مادہ سے لیا گیا ہے جس کا معنی ہر قسم کی گمراہی نہیں بلکہ”’مفردات“ میں ”راغب“ کے بقول یہ گمراہی اور جہالت وہ قسم ہے جس کا مر کز اور منبع فاسد عقیدہ ہوتا ہے ۔ 1۔ تفسیر نور الثقلین کے موٴلف نے اس روایت کو ”اصول کافی ”تفسیر علی بن ابراہیم“ اور ” محاسنِ برقی“ سے نقل کیا ہے ۔
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 26:88-104
۳۔آیت ”فما لنا من شافعین ولا صدیق حمیم “ کا مفہوم
اس کا معنی ٰ نہ تو ہمارے شفاعت کرنے والے موجود ہیں نہ ہی محبت بھرے دوست متعدد روایات اس ضمن میں بیان ہوئی ہیں جن میں سے بعض روایات میں صراحت کے ساتھ آیا ہے : الشافعون الائمة و الصدیق من الموٴمنین شافع تو آئمہ ہیں اور صدیق مومنین ہیں(1). ایک اور حدیث میں جابر بن عبد اللہ انصاری منقول ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول ِخدا کو فرماتے سنا ہے :۔ ان الرجل یقول فی الجنة مافعل صدیقی فلان ،وصدیقہ فی الجحیم، فیقول اللہ اخرجوا لہ صدیقہ الیٰ الجنة فیقول من بقی فی النار فما لنا من شافعین ولا صدیق حمیم۔ بعض بہشتی لوگ کہیں گے کہ ہمارے دوستے کا کیا انجام ہوا ہے جبکہ ان کے دوست جہنم میں ہوں گے۔خدا وند ِ عالم ا س مومن کے دل کو خوش کرنے کےلئے حکم دے گا کہ ان کے دوستوں کو جہنم سے نکال کر بہشت میں بھیج دیا جائے تو ایسے موقع پر جہنم میں باقی رہ جانے والے لوگ کہین گے ہائے افسوس ! نہ تو کوئی ہماری شفاعت کرنے والا ہے او رنہ ہی کو ئی مہر بان دوست ہے (2) ۔ ظاہر ہے کہ نہ تو شفاعت کسی معیار کے بغیر ہو گی او رنہ ہی بے حساب دوستوں کے بارے میں ان کی درخواست شفاعت ہو گی بلکہ شفاعت کرنے اور شفاعت کئے جانے والوں کے درمیان کسی قسم کا معنوی اور روحانی رابطہ ہونا ضروری ہے تاکہ شفاعت کا مقصد پورا ہو ۔( شفاعت کے بارے میں مزید تفصیل کے لئے تفسیر نمونہ کی جلد اول میں سورہ بقرہ کی آیت ۴۸ کی تفسیر کا مطالعہ فرمائیں )۔ 1۔”محاسن ِ برقی “منقول از تفسیر نور اسی آیت کے ضمن میں ۔ 2۔ تفسیر مجمع البیان اسی آیت کے ذیل میں ۔