وَلَمَّا جَاءَتْ رُسُلُنَا لُوطًا سِيءَ بِهِمْ وَضَاقَ بِهِمْ ذَرْعًا وَقَالَ هَذَا يَوْمٌ عَصِيبٌ
When Our messengers came to Lot, he was distressed on their account and in a predicament for their sake, and he said, ‘This is a terrible day!’
Agha Ali Puya Commentary
Commentary on Quran 11:77
[Pooya/Ali Commentary 11:77] (see commentary for verse 69)
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 11:77-80
قوم لوط کی شرمناک زندگی
سورہٴ اعراف کی آیات میں قوم لوط کی سرنوشت کے ایک پہلو کی طرف اشارہ کیا گیا ہے اور اس کی تفسیر ہم وہاں پیش کرچکے ہیں، یہاں انبیاء اور ان کی قوموں کی داستانوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی مناسبت سے گزشتہ کچھ آیات حضرت لوط (علیه السلام) اور ان کی قوم کی سرگزشت سے تعلق رکھتی تھیں، زیر نظر آیات میں اس گمراہ اور منحرف قوم کی زندگی کے ایک اور حصے سے پردہ اٹھایا گیا ہے تاکہ سارے انسانی معاشرے کی نجات وسعادت کے اصلی مقصد کو ایک اور زاوےے سے پیش کیا جائے ۔ پہلے ارشاد ہوتا ہے: جب ہمارت رسول لوط کے پاس آئے تو وہ ان کے آنے پر بہت ہی ناراحت اور پریشان ہوئے ، ان کی فکر اور روح مضطرب ہوئی اور غم وانداہ نے انھیں گھیر لیا (وَلَمَّا جَائَتْ رُسُلُنَا لُوطًا سِیءَ بِھِمْ وَضَاقَ بِھِمْ ذَرْعًا ) ۔ اسلامی روایات اور تفاسیر میں آیا ہے کہ حضرت لوط (علیه السلام) اس وقت اپنے کھیت میں کام کررہے تھے اچانک انھوں نے خوبصورت نوجوانوں کو دیکھا جو ان کی طرف آرہے تھے، وہ ان کی ہاں مہمان ہونا چاہتے تھے، اب حضرت لوط (علیه السلام) مہمانوں کی پذیرائی بھی چاہتے تھے لیکن اس حقیقت کی طرف بھی ان کی توجہ تھی کہ ایسے شہر میں جو انحراف جنسی کی آلودگی میں غرق ہے ان خوبصورت نوجوانوںکا آنا طرح طرح کے مسائل کا موجب ہے اور ان کی آبرو ریزی کا بھی احتمال ہے، اس وجہ سے حضرت لوط (علیه السلام) سخت مشکل سے دوچار ہوگئے، یہ مسائل روح فرسا افکار کی صورت میں ان کے دماغ میں ابھرے اور انھوں نے آہستہ آہستہ اپنے آپ سے کہنا شروع کیا: آج بہت سخت اور وحشتناک دن ہے (وَقَالَ ھٰذَا یَوْمٌ عَصِیبٌ) ۔ ”سِیء“ مادہ”ساء“سے ناراحت وپریشان ہونے کے معنی میں ہے ۔ ”ذرع“ کو بعض نے دل اور بعض نے خُلق کے معنی میں لیا ہے، اس بنا پر ”ضاق بھم ذرعا“ کا مفہوم ہے: ان کا دل یا خُلق ان کے بِن بلائے مہمانوں کے باعث ان سخت حالات میں بہت پریشان ہوا ۔ لیکن فخررازی نے اپنی تفسیر میں ازہری سے نقل کیاہے کہ ایسے موقع پر ”ذرع“ طاقت کے معنی میں ہے، اور اصل میں اس کا مطلب ہے” چلتے وقت اونٹ کے اگلے قدموں کے درمیان کا فاصلہ“۔ فطری اور طبیعی امر ہے جب اونٹ کی پشت پر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ لاددیں تو وہ مجبورا اپنے اگلے پاؤں کو زیادہ نزدیک کر کے رکھے گا اور چلتے وقت ان کے درمیان فاصلہ کم ہوگا، اسی مناسبت سے یہ تعبیر تدریجا کسی حادثے کی سنگینی کی وجہ سے ہونے والی ناراحتی اور پریشانی کے معنی میں استعمال ہونے لگی ۔ بعض کتبِ لغت مثلا ”قاموس“ سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تعبیر ایسے مواقع پر استعمال ہوتی ہے جہاں حادثے کی شدت اتنی ہو کہ انسان کو کوئی چارہ کار سجھائی نہ دے ۔ ”عصیب“ ”عصب“ (بروزن ”اسپ“) کے مادہ سے ہے، اس کا معنی ہے کسی چیز کو ایک دوسرے سے باندھنا، سخت ناراحت کرنے والے حوادث چونکہ انسان کو ایک طرح سے لپیٹ دیتے ہیں اور گویا ناراحتی سے باندھ دیتے ہیں لہٰذا اس صورت حال پر ”عصیب“ کا اطلاق ہوتا ہے، نیز عرب گرم اور جلانے والے دن کو بھی ”یوم العصیب“ کہتے ہیں ۔ بہرحال حضرت لوط (علیه السلام) کے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ کارنہ تھا کہ وہ اپنے نووارد مہمانوں کے گھر لے جاتے لیکن اس بنا ء پر کہ وہ غفلت میں نہ رہیں راستے میں چند مرتبہ ان کے گوش گزار کردیا کہ اس شہر میں شریر اور منحرف لوگ رہتے ہیں تاکہ اگر مہمان ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے تو صورتِ حال کا اندازہ کرلیں ۔ ایک روایت میں ہے کہ خدا تعالیٰ نے فرشتوں کو حکم دیا تھا کہ جب تک یہ پیغمبر تین مرتبہ اس قوم کی برائی اور انحراف کی گواہی نہ دے انھیں عذاب نہ دیا جائے (یعنی ۔ یہاں تک کہ ایک گنہگار قوم سے متعلق بھی حکم خدا عدالت کے ایک عادلانہ فیصلے کی روشنی میں انجام پائے) اور ان رسولوں نے راستے میں تین مرتبہ لوط کی گوہی سُن لی ۔ (۱) کئی ایک روایات میں آیا ہے کہ حضرت لوط (علیه السلام) نے مہمانون کو اتنی دیر تک (کھیت میں)ٹھہرائے رکھا کہ رات ہوگئی تاکہ شاید اس طرح اس شریر اور آلودہ قوم کی آنکھ سے بچ کر حفظِ آبرو کے ساتھ ان کی پذیرائی کرسکیں، لیکن جب ان کا دشمن خود اس کے گھر کے اندر موجود ہوتو پھر کیا کیا جاسکتا، لوط (علیه السلام) کی بیوی کو جو ایک بے ایمان عورت تھی اور اس گنہگار قوم کی مدد کرتی تھی جب اسے ان نوجوانوں اور خوبصورت مہمانوں کے آنے کی خبر ہوئی تو چھت پر چڑھ گئی، پہلے اس نے تالی بجائی پھر آگ روشن کرکے اس کے دھوئیں کے ذریعے ان نے منحرف قوم کے بعض لوگوں کو آگاہ کیا کہ لقمہ ترجال میں پھنس چکا ہے ۔ (۲) یہاں قرآن کہتا ہے کہ وہ قوم حرص اور شوق کے عالم میں اپنے مقصد تک پہنچنے کے لئے بڑی تیزی سے لوط (علیه السلام) کی طرف آئی ( وَجَائَہُ قَوْمُہُ یُھْرَعُونَ إِلَیْہِ) ۔ وہی قوم کہ جس کی زندگی کے صفحات سیاہ اور ننگ وعار سے آلودہ تھے”اور جو پہلے ہی سے برے اور قبیح اعمال انجام دی رہی تھی“( وَمِنْ قَبْلُ کَانُوا یَعْمَلُونَ السَّیِّئَاتِ) حضرت لوط (علیه السلام) اس وقت حق رکھتے تھے کہ لرزنے لگیں اور ناراحتی و پریشانی کی شدت سے چیخ وپکار کریں، انھوں نے کہا: مَیں یہاں تک تیار ہوں کہ اپنی بیٹیاں تمھارے نکاح میں دے دوں، یہ تمھارے لئے زیادہ پاکیزہ ہیں(قَالَ یَاقَوْمِ ھٰؤُلَاءِ بَنَاتِی ھُنَّ اٴَطْھَرُ لَکُمْ) آؤ”اورخدا سے ڈرو، میری عزت وآبرو خاک میں نہ ملاؤ اور میرے مہمانوں کے بارے میں برا ارادہ کرکے مجھے رسوا نہ کرو“( فَاتَّقُوا اللهَ وَلَاتُخْزُونِی فِی ضَیْفِی ) ۔ اے وائے” کیا تم میں کوئی رشید، عقلمد اور شائستہ انسان موجود نہیں ہے “ کہ جو اس ننگین اور شرمناک عمل سے روکے (َلَیْسَ مِنْکُمْ رَجُلٌ رَشِیدٌ) ۔ مگر تباہ کار قوم نے نبی خدا حضرت لوط (علیه السلام) کو بڑی بے شرمی سے جواب دیا: ”تو خود اچھی طرح جانتا ہے کہ ہمارا تیری بیٹیوں میں کوئی حق نہیں“ (قَالُوا لَقَدْ عَلِمْتَ مَا لَنَا فِی بَنَاتِکَ مِنْ حَقٍّ) ”اور یقینا تو جانتا ہے کہ ہم کیا چاہتے ہیں“۔ (3) ۔ یہ وہ مقام تھا کہ اس بزرگوار پیغمبر نے اپنے آپ کو ایک محاصرے میں گھِرا ہوا پایا اور انھوں نے ناراحتی وپریشانی کے عالم میں فریاد کی: اے کاش! مجھ میں اتنی طاقت ہوتی کہ مَیں اپنے مہمانوں کا دفاع کرسکتا اور تم جیسے سرپھروں کی سرکوبی کرسکتا ( قَالَ لَوْ اٴَنَّ لِی بِکُمْ قُوَّةً)، یا کوئی مستحکم سہارا ہوتا، کوئی قوم وقبیلہ میرے پیروکاروں میں سے ہوتا اور میرے کوئی طاقتور ہم پیمان ہوتے کہ جن کی مدد سے تم منحرف لوگوں کا مقابلہ کرتا ( اٴَوْ آوِی إِلَی رُکْنٍ شَدِید) ۱۔مجمع البیان، مزکورہ آیت کے ذیل میں ۔ ۲۔المیزان، ج۱۰،ص ۳۶۲۔ 3۔ ”یُھْرَعُونَ“ ”اھراع“ کے مادہ سے دھکیلنے کے معنی میں ہے، گویا سرکش جنسی خواہش اس گمراہ قوم کو بٹی شدت سے حضرت لوط (علیه السلام) کے مہمانوں کی طرف دھکیل رہی تھی
تفسیر نمونہ - آیت اللہ مکارم شیرازی Commentary
Commentary on Quran 11:77-80
چند قابل توجہ نکات
۱۔ حضرت لوط (علیه السلام) کی بیٹیاں: جس وقت قوم لوط نے حضرت لوط (علیه السلام) کے گھر پر ہجوم کیا اور وہ ان کے مہمانوں پر تجاوز کرنا چاہتے تھے اس وقت آپ نے کہا: میری بیٹیاں تمھارے لئے پاک اور حلال ہیں، ان سے استفادہ کرو اور گناہ کے گرد چکر نہ لگاؤ۔ اس جملے نے مفسرین کے درمیان بہت سے سوالات اٹھا دئےے ہیں ۔ پہلا یہ کہ بیٹیوں سے مراد کیا لوط (علیه السلام) کی نسبی اور حقیقی بیٹیاں تھیں جب کہ تاریخ کے مطابق ان کی دو یا تین سے زیادہ بیٹیاں نہیں تھیں، لہٰذا انھوں نے اتنی کثیر جمعیت کے سامنے یہ تجویز کس طرح سے پیش کی، یا یہ کہ مراد تمام قوم اور شہر کی بیٹیاں تھیں کیونکہ معمول یہ ہے کہ قبیلہ کا بزرگ قبیلے کی بیٹیوں کو اپنی بیٹیاں ہی قرار دیتا ہے ۔ دوسرا احتمال ضعیف نظر آتا ہے کیونکہ خلافِ ظاہر ہے اور صحیح وہی پہلا احتمال ہے اور حضرت لوط (علیه السلام) کی یہ تجویز اس بنا پر تھی کہ ہجوم کرنے والے بستی کے چند افراد تھے نہ کہ سب کے سب، علاوہ ازیں وہ یہاں انتہائی قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہتے تھے کہ مَیں یہاں تک تیار ہوں کہ گناہ کو روکنے اور اپنے مہمانوں کی عزت اور مرتبے کی حفاطت کے لئے اپنی بیٹیاں تمھارے نکاح میں دے دوں کہ شاید اس بے نظیر قربانی پر ان کے سوئے ہوئے ضمیر بیدار ہوجائیں اور وہ راہ حق کی طرف پلٹ آئیں ۔ دوسرا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا حضرت لوط (علیه السلام) کی بیٹیوں جیسی باایمان لڑکیوں کی شادی بے ایمان کفار سے جائز تھی کہ آپ نے یہ تجویز پیش کی ۔ اس سوال کا جواب دو طرح سے دیا گیا ہے : ایک یہ کہ اسلام کی حضرت لوط (علیه السلام) کے دین میں بھی آغاز میں اس قسم کا ازدواج حرام نہیں تھا ۔ دوسرا یہ کہ حضرت لوط (علیه السلام) کی مراد مشروط ازدواج تھی (یعنی ۔ مشروط باایمان)یعنی یہ میری بیٹیاں ہیں، آؤ ایمان لے آؤ تاکہ مَیں انھیں تمھارے نکاح میں دے دوں ۔ یہاں پر معلوم ہوتا ہے کہ نبیٴ خدا حضرت لوط (علیه السلام) پر یہ اعتراض کہ انھوں نے اپنی پاکیزہ بیٹیوں کے نکاح کی اوباش لوگوں سے تجویز کیونکر کی، درست نہیں ہے کیونکہ ان کی پیش کش مشروط تھی اور اس سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ انھیں ان کی ہدایت سے کس قدر لگاؤ تھا ۔ ۲۔ ”اطھر“ کا مفہوم: توجہ رہے کہ لفظ ”اطھر“ (پاکیزہ تر) کا یہ مفہوم نہیں ہے کہ ان کا وہ برا اور شرمناک عمل پاک تھا اور ازدواج کرنا اس سے زیادہ پاک تھا بلکہ عربی زبان میں اور دیگر زبانوں میں ایسی تعبیر موازنے کے وقت استعمال میں کی جاتی ہے، مثلاً اگر کوئی شخص تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہا ہو تو اسے کہتے ہیں:دیر سے پہنچنا بہتر ہے بالکل نہ پہنچے سے ”یا “ مشکوک غذا نہ کھانا بہتر ہے اس سے کہ انسان اپنی جان خطرے میں ڈال دے ۔ ایک روایت میں بھی ہے کہ امام (علیه السلام) نے خلفاء بنی عباس کی طرف سے احساس خطر اور شدتِ تقیہ کے موقع پر فرمایا: واللّٰہ افطریوما من شھر رمضان احب الیٰ من ان یضرب عنقی ۔ ماہِ رمضان کا ایک دن کہ جب خلیفہ وقت نے عید کا اعلان کیا ہوا تھا حالانکہ اس روز عید نہیں ، اس دن افطار کروں (اور پھر اس دن کی قضا کروں) اس سے بہتر ہے کہ مارا جاؤں ۔ (1) حالانکہ نہ مارا جانا اچھا ہے اور نہ مقصد تک بالکل نہ پہنچنا، لیکن ایسے مقامات پر اس طرح کی تعبیر استعمال کی جاتی ہے ۔ ۳۔ایک مرد رشید، کی نصیحت: حضرت لوط (علیه السلام) کا آخرِ کلام میں یہ کہنا کہ ”کیا تمھارے درمیان کوئی مرد رشید نہیں ہے“ سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ ایک رشید انسان کا کسی قوم یا قبیلے میں ہونا بھی اس کے شرمناک اعمال سے اسے روکنے کے لئے کافی ہوتا ہے، یعنی ایک شخص بھی اگر عاقل اور رشدِ فکر رکھنے والا تمھارے درمیان ہوتا تو تم میرے گھر کی طرف میرے مہمانوں پر تجاوز کرنے کے ارادے سے اور بدنیتی سے ہرگزنہ آتے ۔ اس سے انسانی معاشرے کی رہبری کے لئے ”رجل رشید“ کا اثرواضح ہوتا ہے، یہ وہ حقیقت ہے جس کے بہت سے نمونے ہم نے پوری تاریخِ بشر میں دیکھی ہے ۔ ۴۔ انحراف کی انتہا: تعجب کی بات یہ ہے کہ اس گمراہ قوم نے حضرت لوط (علیه السلام) سے کہا: ہم تیری بیٹیوں پر حق نہیں رکھتے یہ امر اس گروہ کی انتہائی انحراف کو ظاہر کرتا ہے یعنی گناہ میں ڈوبا ہوا ایک معاشرہ اس حد تک پہنچ جاتا ہے کہ وہ حق کو باطل اور باطل کو حق سمجھنے لگتا ہے، انھوں نے پاک وپاکیزہ صاحبِ ایمان لڑکیوں سے ازدواج کو بالکل قلمروِ حق میں شمار نہیںکیا لیکن اس کے برعکس جنسی انحراف کو اپنا حق شمار کیا ۔ گناہ کی عادت اور خو ہوجائے تو یہ مرحلہ اس قدر خطرناک مراحل میں سے ہے کہ یہاں پہنچ کر افراد شرمناک ترین اور قبیح ترین اعمال کو اپنا حق شمار کرتے ہیں اور پاکیزہ ترین طریقے سے جنسی تقاضوں کی تسکین کو ناحق سمجھتے ہیں ۔ ۵۔ ”قوة“ اور ”رکن شدید“ کا مفہوم: ایک حدیث میں امام صادق (علیه السلام) سے مروی ہے کہ آپ (علیه السلام) نے مندرجہ بالا آیات کی تفسیر میں فرمایا: ”قوة“ سے مراد وہی ”قائم“ہے اور ”رکن شدید“ ان کے ۳۱۳یار وانصار ہیں ۔ (2) ہوسکتا ہے یہ روایت عجیب معلوم ہوکہ کیسے ہوسکتا ہے کہ اس زمانے میں حضرت لوط (علیه السلام) ایسی شخصیت کی ایسے یاروانصار کے ساتھ ظہور کی آرزو کریں ، لیکن جو روایات آیاتِ قرآن کی تفسیر کے ذیل میں اب تک آئیں ہیں انھوں نے ہمیں یہ سبق دیا ہے کہ عام طور پر ایک کلی قانون کو اس کے واضح مصداق کے حوالے سے بیان کیا گیا ہے، دراصل حضرت لوط (علیه السلام) یہ آرزو کرتے ہیں کہ اے کاش! مصمم ارادوں والے، جسمانی اور روحانی طور پر طاقتور کافی تعداد میں مرد ہوتے ان کے مرد وں کی طرح جو قیام مہدی (علیه السلام) کے زمانے میں عالمی حکومت تشکیل دیں گے تو مَیں بھی حکومتِ الٰہی کی تشکیل کے لئے کام کرتا اور ان کی مدد سے فساد وانحراف کے خلاف جہاد کرتا اور اس قسم کے سرپھرے اور بے شرم افراد کی سرکوبی کرتا ۔ ۸۱ قَالُوا یَالُوطُ إِنَّا رُسُلُ رَبِّکَ لَنْ یَصِلُوا إِلَیْکَ فَاٴَسْرِ بِاٴَھْلِکَ بِقِطْعٍ مِنَ اللَّیْلِ وَلَایَلْتَفِتْ مِنْکُمْ اٴَحَدٌ إِلاَّ امْرَاٴَتَکَ إِنَّہُ مُصِیبُھَا مَا اٴَصَابَھُمْ إِنَّ مَوْعِدَھُمْ الصُّبْحُ اٴَلَیْسَ الصُّبْحُ بِقَرِیبٍ۔ ۸۲ فَلَمَّا جَاءَ اٴَمْرُنَا جَعَلْنَا عَالِیَھَا سَافِلَھَا وَاٴَمْطَرْنَا عَلَیْھَا حِجَارَةً مِنْ سِجِّیلٍ مَنْضُودٍ۔ ۸۳ مُسَوَّمَةً عِنْدَ رَبِّکَ وَمَا ھِیَ مِنَ الظَّالِمِینَ بِبَعِیدٍ۔ ترجمہ ۸۱۔انھوں نے کہا: اے لوط! ہم تیرے پروردگار کے رسول ہیں، وہ ہرگز تجھ پر دسترس حاصل نہیں کرسکیں گے، وسطِ شب اپنے خاندان کے ساتھ (اس شہر سے)چلا جااورتم میں سے کوئی بھی اپنی پشت کی طرف نگاہ نہ کرے، مگر تیری بیوی کہ وہ اسی بلا میں گرفتار ہوگی کہ جس میں لوگ گرفتار ہوں گے، ان کی وعدہ گاہ صبح ہے، کیا صبح نزدیک نہیں ہے ۔ ۸۲۔جب ہمارا فرمان آپہنچا تو اس (شہر اور علاقے) کو ہم نے تہ وبالا کردیا اور ان پر ہم نے مٹیلے پتھروں کی بارش کی ۔ ۸۳۔ (وہ پتھر کہ)جو تیرے پروردگار کے ہاں مخصوص تھے اور ایسا ہونا ستمگروں کے لئے بعید نہیں ہے ۔ 1۔ وسائل، ج۷،ص ۹۵. 2۔ تفیسر برہان، ج۲،ص۲۲۸۔